LifetimeEarn

Saturday, 30 January 2016

صحت مند زندگی:اچھی اور بری عادات!


م میں سے ہر کوئی صحت مند اور تندرست زندگی جینا چاہتا ہے ۔ ہم اس کے لیے سو سو جتن بھی کرتے ہیں۔ مگر ہماری کچھ عادتیں ایسی ہوتی ہیں جو ہماری صحت کی دشمن بن جاتی ہیں اورہمیں اس کا احساس تک نہیں ہوتا۔ہماری روزمرّہ کی عادات کا ہماری صحت پر براہِ راست اثر پڑتا ہے. کچھ صحت مندانہ عادات، جہاں ہماری صحت پر مثبت اثر ڈالتی ہیں، وہیں کچھ غیر صحت مندانہ عادات منفی اثرات بھی ڈالتی ہیں۔ممکن ہے آپ میں کچھ ایسی غیر صحت مندانہ عادات ہوں تو آپ مسلسل دُہرارہے ہوں اور آپ کو ان کا احساس ہی نہ ہو۔اس لیے ہم یہاں کچھ ایسی غیرصحت مندانہ عادات کا ذکر کررہے ہیں جو صحت کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں ، پڑھئے اور دیکھئے کہیں آپ ان میں سے کسی عادت میں مبتلا تو نہیں ۔

بری عادتیں

1۔ ناشتہ نہ کرنا

سارا دن چاق و چوبند اور فعال طریقے سے کام کرنے کے لئے ہمارے جسم کو صبح صبح گلوکوز کی ضرورت ہوتی ہے۔ لیکن جب ہم بغیر ناشتے کے گھر سے نکل جاتے ہیں، پھر ہم لو بلڈ شوگر کے ساتھ نکلتے ہیں، جس سے نہ تو ہمارا دماغ اور نہ ہی جسم اتنی تیزی سے کام کرتا ہے، جتنا اسے کرنا چاہئے۔ روزانہ ناشتہ کرکے جہاں آپ ٹائپ 2 ذیابیطس سے بچے رہتے ہیں، وہیں آپ کا وزن بھی کنٹرول میں رہتا ہے. اس لئے ضروری ہے کہ آپ دن کا آغاز صحت بخش ناشتے سے کریں ۔
2۔سارا دن بیٹھ کرگزارنا

جب ہم کوئی جسمانی محنت کا کام کرتے ہیں،یا کسی بھی ایسی ایکٹیویٹی میں مصروف ہوتے ہیں تو ہمارے جسم کے مسلزخوراک میں موجود گلوکوز کو استعمال کرکے ہمیں توانائی دیتے ہیں، اس کے برعکس جب ہم سارا سارا دن بیٹھے رہتے ہیں تو جسم میں موجود وہ گلوکوز خرچ نہیں ہوتی اور خون میں شامل ہوجاتی ہے ۔ جس سے ہائی بلڈ شوگر کے ساتھ ساتھ چربی بھی بڑھنے لگتی ہے۔ ہائی بلڈ شوگر کی وجہ سے دیگر کئی امراض بھی جنم لے سکتے ہیں ۔ اس لیے اگر آپ کا کام سارا دن بیٹھے رہنے کا ہے تب بھی آپ کو چاہئے کہ درمیان میں کچھ وقت چہل قدمی یا ایسی ہی کسی اور سرگرمی کے لیے وقت ضرور نکالیں۔ ہلکی پھلکی ورزش بھی کی جاسکتی ہے ۔
3۔بھرپور نیند نہ لینا

ریسرچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کم سونے سے جسم میں لیپٹن نامی ہارمون کا لیول کم ہو جاتا ہے، جس کا اثر ہماری بھوک پر پڑتا ہے اور ہم اوور ایٹنگ کرنے لگتے ہیں،جس کا نتیجہ موٹاپے کی صورت میں نکلتا ہے ۔ 2009 میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق، وہ لوگ جو 7 گھنٹے سے کم سوتے ہیں، ان میں دیگر لوگوں کی نسبت نزلہ زکام ہونے کا امکان تین گنا زیادہ بڑھ جاتا ہے. اس لئے سات سے آٹھ گھنٹے کی نیند بہت ضروری ہے۔

4۔ سارا دن غصے میں رہنا

سارا دن غصے میں رہنے سے جہاں ذیابیطس اور موٹاپے جیسی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، وہیں اس غصے سے دل بھی کمزور ہوجاتا ہے ۔ حال ہی میں ہونے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دن بھر غصہ کرنے سے ہمارے جسم میں ایڈوتھلین نامی مادہ بنتا ہے، جس سے دل کی شریانیں بند ہونے لگتی ہیں اور دل کی دھڑکنیں بے ترتیب ہو جاتی ہیں،اس سے ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس لیئے خود کو زیادہ سے زیادہ پرسکون اور خوش رکھنے کی کوشش کریں ۔

5۔ تیز آواز میں میوزک سننا

اگر آپ بھی روزانہ 4 سے 8 گھنٹے تک تیز آواز پر گانے سنتے ہیں، تو ہوشیار ہو جائیں، کیونکہ آپ کی یہ عادت آپ کو بہرہ بنا سکتی ہے۔ تیز آواز آپ کے کانوں کو بری طرح متاثر کرتی ہے، جس سے شروع شروع میں کم سنائی دیتا ہے، پر کچھ وقت کے بعد سننا مکمل طور پر بند ہو سکتا ہے۔ یہ بات بھی ذہن میں رکھیں کہ گھنٹوں ہیڈ فون کے استعمال کے علاوہ ہیڈ فون کی شیئرنگ سے آپ ایئر انفیکشن کا شکار بھی ہو سکتے ہیں،اس لیے کبھی کسی کو اپنا ہیڈ فون نہ دیں، نہ ہی کسی کا ہیڈ فون استعمال کریں ۔

یہ تو تھیں کچھ غیر صحت مندانہ عادات ،، اب بات ہوجائے ان عادتوں کی جو آپ کی صحت کے لیے انتہائی مفید ہے ۔

اچھی عادتیں

1۔ کھانے میں نمک، شکر اور تیل کی کم مقدار

کھانے میں نمک، شکر اور تیل کا استعمال کم کرنا ایک بہت اچھی صحت بخش عادت ہے، کیونکہ بہت سی بیماریوں کا آغاز کھانے میں ان کی زیادہ مقدارکے زیادہ استعمال سے ہوتا ہے ۔ اگر آپ میں یہ عادت نہیں تو فوراً اسے اپنائیں اور اپنی خوراک میں نمک ، شکر اور چکنائی کی مقدار کم کردیں ۔
2۔ پسینہ آنے دینا

جسم سے فاسد مادوں کے اخراج کے لیے پسینہ بہت ضروری ہے ۔یہ فاسد مادے کئی طرح کی بیماریوں کی وجہ بن سکتے ہیں۔پسینے سے صرف ان مادوں کا اخراج ہی نہیں ہوتا ،بلکہ اس سے جلد میں نکھار آتا ہے، دماغ تیز کام کرتا ہے اور توانائی کا لیول بھی بڑھ جاتا ہے ۔ پسینہ لانے کے لیے پانی کا زیادہ استعمال بھی ضروری ہے ۔دن بھر میں کم از کم آٹھ سے دس گلا پانی ضرور پینا چاہئے ۔
3۔ روز مرّہ معمولات میں ورزش کو شامل رکھنا

ہرروز ورزش یا یوگا جیسی جسمانی سرگرمی آپ کو فٹ اور صحت مند تو رکھتی ہی ہے ساتھ ہی آپ کو امراضِ قلب، کینسر،شوگراور ایسی ہی کئی خطرناک بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتی ہے ۔ورزش سے موڈ خوشگوار رہتا ہے۔ اور توانائی کا لیول بھی بلند رہتا ہے ۔ ذہنی تناو، ڈپریشن اور الزائمر جیسی بیماریاں بھی آپ سے دور رہتی ہیں۔

4۔ ہر روز وقت پر کھاناکھانا

ہمارے جسم کو روٹین فالو کرنا اچھا لگتا ہے،اگر ہم ہر روز باقاعدگی کے ساتھ وقت پر ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا کھالیتے ہیں تو ہمارے جسم میں شوگر لیول متوازن رہتا ہے، جس سے ہمیں جلدی کوئی ہیلتھ پرابلم نہیں ہوتا۔

5۔ دل کھول کر ہنسنا

کہتے ہیں، ہنسنا بہت اچھی ایکسرسائز ہے. اس سے نہ صرف ہم ذہنی دباو سے دور رہتے ہیں بلکہ ہمارا مدافعتی نظام بھی طاقت ور رہتا ہے ۔ کم از کم دس منٹ کے لیے دل کھول کر ہنسنا ضرور چاہئے ۔ اس کے لیے کوئی وڈیو دیکھیں ، کوئی کتاب پڑھیں یا دوستوں سے گپ شپ کریں ۔

- See more at: http://htv.com.pk/ur/health/healthy-life-with-good-and-bad

No comments:

Post a Comment

Health Tips Viewers