LifetimeEarn

Monday, 25 January 2016

پیازکرے کئی امراض کا علاج






پیاز کا ذکر تقریباََ تمام قوموں کی لوک داستانوں ، اساطیر اور روایات میں موجود ہے۔پیاز کو انگریزی میں اونین کہتے ہیں۔ یہ لفظ لاطینی زبان کے لفظ ’’ انس‘‘ّ سے نکلا ہے ،جس کے معنی ہیں ’’ایک ‘‘۔پیاز کا استعمال قدیم مصر کے لوگ تین ہزار قبل مسیح کرتے تھے۔ پیاز کے پودے کو ان کی عبادت میں ایک خاص اہمیت حاصل تھی۔ قدیم مصر میں پیاز کو بیماریوں سے بچاؤ کرنے والی سبزی کہا جاتا تھا۔پیاز مغربی ایشیاکی مقامی پیداوار ہے۔ یہ ایک مستقل طور پر اُگتی رہنے والی بوٹی ہے اور اس کی گانٹھوں کی جسامت الگ الگ ہوتی ہے۔ اس کی شکل رنگ اور بوبھی الگ الگ ہوتی ہے۔ یہ چپٹی بھی ہوتی ہے، گول بھی اور نکیلی بھی اور اس کا رنگ سفید، پیلا ، ہرا اور سرخ بھی ہوسکتا ہے۔

ہندوستان میں پیاز کا امیرانہ استعمال صرف مغلوں کے دور سے شروع ہوا اور اکبر کے زمانے میں یہ غریب مزدوروں اور کسانوں کی تھالی سے اٹھ کر امرا کے باورچی خانوں میں جاپہنچی ، اس کے بعد سے یہ باورچی خانوں اور دواؤں کی الماریوں کا ایک لازمی حصہ بن گئی۔پیاز کے متعلق سب سے چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ اس قدیم سبزی میں اتنی خوبیاں ہیں کہ دنیا بھر کے سائنس دانوں اور ماہرین صحت وطب کا دعویٰ ہے کہ اس دنیا سے اگر تمام سبزیاں اور پودے غائب ہو جائیں اور صرف پیاز رہ جائے تب بھی انسان نقصان میں نہیں رہے گا۔
پیاز کے فوائد

*پیاز ہیضہ اور طاعون کی وباء کے زمانے میں بطور غذا استعمال کرنا نہایت ہی مفید ہے۔ کہا جاتا ہے کہ کسی دوسرے ملک میں داخل ہونے کے بعد سب سے پہلے وہاں کی پیاز کھا لینی چاہیے۔ اس سے یہ فائدہ ہوتا ہے کہ اگر اس ملک میں کوئی وبا ء پھیلی ہوئی ہے تو اس سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
*یہ ایک عام سبزی ہے لیکن اس کے بنا بہت سے کھانے نہیں بنائے جاسکتے۔ پیاز کھانوں کا ذائقہ ہی نہیں بڑھاتی بلکہ یہ صحت کی محافظ بھی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق تقریباً تین ہزار امراض ایسے ہیں جن میں پیاز کا استعمال فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ پیاز کی تاثیر بعض تکلیف دہ امراض میں ایسی سود مند ثابت ہوتی ہے کہ جدید اور قیمتی ادویات کی بھی ضرورت نہیں پڑتی۔
*پیاز کے جسم انسانی پر مختلف اثرات مرتب ہوتے ہیں ہم اسے مسالاوغیرہ کی صورت میں سالن کا ذائقہ بڑھانے کی غرض سے استعمال کرتے ہیں لیکن اِس کے طبّی خواص سے ناواقفیت کی بنا پر اِس کے مکمل فوائد سے استفادہ نہیں کرپاتے۔
*پیاز ایک مفید غذا ہے جس میں فاسفورس کے علاوہ فولاد بھی پایا جاتا ہے جو ہمیں صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔پیاز کو سلاد کے طور پر اپنی روزہ مرہ خوراک کے ساتھ ضرور استعمال کریں کیونکہ دال یا سبزی کے ساتھ کھانے سے خون میں شکر کی سطح کم رہتی ہے جس سے شوگر جیسی موذی بیماری سے بچا جا سکتا ہے۔
*پیاز کا سوپ یا کچی پیاز ، فلو، بخار، نزلے، زکام میں بہت فائدہ مند ہے۔ بند نزلے کو کھولنے میں پیاز مدددیتی ہے۔ پیاز دل کے مریضوں کے لیے بھی بہت مفید ہے یہ خون کو منجمد ہونے سے روکتی ہے۔ اس میں ایک قدرتی خصوصیت ہوتی ہے جس کے ذریعے وہ خون کے کلوٹس کو تحلیل کر کے خون کو گاڑھا ہونے سے بچاتی ہے۔ اس وجہ سے دل کے دورے سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ پیاز میں جراثیم سے جنگ کرنے کی خاص صلاحیت ہوتی ہے۔
*پیاز کو پکا کر کھلانے سے یرقان، پرانی کھانسی،سینے کی جلن اور بلغم کے انجماد میں خاص طور پر فائدہ ہوتا ہے۔ سرکہ میں اگر اس کا اچار بنا کر استعمال کیا جائے تو تلی کے درد میں فائدہ ہوتا ہے۔ صفراوی متلی وغیرہ دور ہوتی ہے۔ آنکھ کی سوزش،سفیدی اور موتیا بند کی ابتداء میں پیاز کا عرق شہد میں ملا کر آنکھ میں لگانے سے اکثر فائدہ ہوتا ہے۔ پیاز کوکوٹ کر 4 سے ساڑھے چار تولہ مقدار میں دینے سے بچھو کے زہر کا اثر زائل ہوجاتا ہے۔
* عرق پیاز کو رائی کے تیل میں ملا کر جوڑوں پرمالش کرنے سے گنٹھیا میں فائدہ ہوتا ہے۔ اگر پیاز باقاعدہ کھائی جائے تو دانتوں کی جڑوں میں تعفن پیدا نہیں ہوتا۔ ہسٹیریا اور مرگی کے مریضوں کو ہوش میں لانے کیلئے تیز چیزیں مثلاً ایمونیا وغیرہ سنگھانے کا رواج رہا ہے طب یونانی میں اس غرض کیلئے لخلخہ پیاز سنگھایا جاتا ہے۔ ماہرین کی رائے کے مطابق پیاز کو کوٹ کر سنگھانا زیادہ مفید ہے۔ سونگھنے سے سردرد جاتا رہتا ہے اور زکام کی شدت کم ہوجاتی ہے۔ پیاز کی بو اس کی سب سے بڑی خرابی ہے لیکن یہی چیز پیٹ میں پہنچ کر آنتوں کے جراثیم کے خاتمے کا باعث ہوتی ہے۔


No comments:

Post a Comment

Health Tips Viewers