LifetimeEarn

Saturday, 14 November 2015

خوب صورت اور پُرکشش نظر آئیں






خوب صورت اور پُرکشش نظر آنا ہر عورت کی دلی خواہش ہوتی ہے اور اس خواہش کی تکمیل کے لیے وہ میک اپ کا سہارا لیتی ہے۔ بعض خواتین اپنی اس خواہش کے لیے مختلف کاسمیٹکس پر ہزاروں روپے خرچ کرتی ہیں مگر بہت کم خواتین میک اپ کے درست استعمال سے واقف ہیں۔میک اپ خواتین کی زندگی کا ایک لازمی حصہ بن چکا ہے، جس کے بغیر خواتین خود کو ادھورا محسوس کرتی ہیں۔ میک اپ کے ذریعے خواتین اپنی بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ داغ دھبے، جھائیاں اورغیر موزوں نشانات چھپانا چاہتی ہیں۔ شادی بیاہ ہو یا کوئی سادہ سی تقریب،تہوار ہوں یا دفاتر خواتین کے لیے میک اپ کا استعمال بہت اہمیت رکھتاہے۔میک اپ کا استعمال اس طرح سے کریں کہ وہ کافی عرصے تک جلد کو ہموار اور خوب صورت رکھنے میں مددگار ثابت ہو اور جلد کو نقصانات سے بھی بچایا جا سکے۔خواتین کی جلد کے لیے ضروری ہے کہ وہ کلینزر کے استعمال کو روز کا معمول بنالیں۔ دن کے آغاز پر میک اپ کے استعمال سے پہلے چہرے کا کلینزر کی مدد سے مساج کریں۔ گرم پانی میں روئی بھگوکر چہرے کو اس سے اچھی طرح صاف کرلیں۔ جلد پر موجود چکنائی اور گردوغبار صاف کرنے کے بعد روئی کی مدد سے جلد پر ٹونرلگائیں۔ٹونر آپ کی جلد کو شفاف و ملائم بنانے میں اہم کردار اداکرتا ہے اور اسے جراثیم کے اثرات سے تادیر محفوظ رکھتا ہے۔ ٹونر لگانے کے تقریباً دس پندرہ منٹ بعد میک اپ کرنا شروع کرنا چاہیے۔چہرے پر موجود دھبوں اور جھریوں کو چھپانے کے لیے کنسیلرکا استعمال کریں۔ہمیشہ خشک اور ہلکے کنسیلر کا انتخاب کیا جائے یہ آنکھوں کے اطراف میں موجود لکیروں کو بھی چھپاتا ہے۔کنسیلر کے استعمال کے بعد آپ سن بلاک کا استعمال کریں ۔اس کے لیے ضروری ہے کہ سن بلاک کا انتخاب جلد کی مناسبت سے کیا جائے۔ چکنی اور خشک جلد کے لیے مارکیٹ میں الگ الگ سن بلاک دستیاب ہیں۔ سن بلاک جلد کو مضر شعاعوں سے بچانے کے ساتھ ساتھ، جلد کی عمر کو ڈھلنے سے روکتے اور جھریوں سے بھی اسے محفوظ رکھتے ہیں۔میک اپ میں سب سے زیادہ اہمیت فاؤنڈیشن کی ہے۔جلد کی رنگت کی مناسبت سے ایسا فاؤنڈیشن استعمال کریں جس سے چہرہ خوبصورت اور پُرکشش نظر آئے ۔ ایسا فاؤنڈیشن استعمال کریں جو چہرے پر لگاتے ہی جذب ہوجائے۔چکنائی والے فاؤنڈیشن کے استعمال سے گریز کیا جائے۔جلد پر بیس بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ا چھے اور معیاری فیس پاؤڈر کا استعمال کیا جائے ۔اگر آپ خشک جلد کی مالک ہیں تولوز پاؤڈر آپ کے لیے بہترین ہے کہ یہ جلد کی خشکی کو چھپانے میں مدد دیتاہے۔ اسی طرح چکنی جلدکی حامل خواتین کو کامپیکٹ پاؤڈر کا استعمال کرناچاہیے۔فیس پاؤڈر کا استعمال اپنے چہرے کی رنگت کے حساب سے کرنا چاہیے۔میک اپ میں سب سے زیادہ اہمیت آنکھوں کے میک اپ کی ہے۔آنکھوں کے میک اپ کے بغیر میک اپ ادھورا اور نامکمل لگتا ہے۔ آنکھوں کا میک اپ جس قدر عمدہ طریقے سے کیا جائے گا آنکھیں اتنی ہی پُرکشش لگیں گی اور اتنی ہی نمایاں ہوں گی۔آنکھوں کے میک اپ کے لیے جو جو چیزیں استعمال ہوتی ہیں ان میں آئی برو پنسل، آئی لائنر،آئی شیڈو اور مسکارا شامل ہیں۔ آئی برو پنسل ہمیشہ اس رنگ کی استعمال کرنی چاہیے جس رنگ کے آئی برو کے بال ہوں ۔آئی لائنر کا استعمال آنکھوں کی بناوٹ کو نمایاں کرنے اور انھیں خوبصورت بنانے کے لیے کیا جاتا ہے۔ ہلکے رنگ کا لائنر زیادہ اچھا تاثر دیتا ہے ، خصوصاً جن خواتین کی آنکھوں کے گرد حلقے نمایاں ہوں وہ کبھی بھی گہرے رنگ کا لائنر استعمال نہ کریں۔ آئی شیڈو کا استعمال ہمیشہ تقریب کی مناسبت سے کریں۔ اگر تقریب سادہ سی یا دن کی ہو تواس کے لیے لازمی ہے کہ ہلکے رنگ کے آئی شیڈو کا استعمال کیا جائے۔ جبکہ آئی شیڈو کے گہرے رنگ رات کی تقریب کے لیے موزوں ہوتے ہیں۔خواتین چاہتی ہیں کہ ایسا مسکاراا ستعمال کریں جن سے ان کی پلکیں گھنی اور لمبی نظر آئیں،لہٰذا اگر آپ کا رنگ صاف ہے توبراؤن مسکارا بھی آپ پر اچھا لگے گا۔ لیکن اگر آپ ک ارنگ سانولا ہے تو آپ سیاہ رنگ کا مسکارا استعمال کریں۔ اس طرح آپ کی آنکھیں نمایاں اور پُرکشش دکھائی دیں گی۔ لائنر اور مسکارا ہمیشہ واٹر پروف استعمال کریں۔

بلش رخساروں کی ہڈی کے زیریں حصے تک لگایا جاتا ہے۔ بلش آن کا استعمال بھی چہرے کی رنگت کے حساب سے کریں۔ جلد کی رنگت اگر صاف اور سفید ہے تو گلابی اور نارنجی شیڈ مناسب رہیں گے۔ جبکہ سانولی رنگت کے لیے براؤن اور برگنڈی رنگ استعمال کرنا چاہیے۔اسی طرح لپ لائنر پتلے ہونٹ والی خواتین استعمال کریں۔ موٹے ہونٹ والی خواتین لپ لائنر استعمال نہ کریں اس سے ان کے ہونٹ بدنما نظر آئیں گے۔ جس رنگ کی لپ اسٹک ہو لپ لائنر بھی اسی رنگ کا ہونا چاہیے۔آپ کا میک اپ مکمل ہوگیا مگر جب تک لپ اسٹک نہ لگائی جائے یہ میک اپ ادھورا ہی ہے۔ لپ اسٹک کا انتخاب بھی اپنے چہرے کی رنگت کے حساب سے کرنا چاہیے۔

ان تمام باتوں پر عمل کرکے خواتین اپنے آپ کو مزید خوب صورت بنا سکتی ہیں۔

No comments:

Post a Comment

Health Tips Viewers