ہزاروں سالوں سے زیتون کو غذا کے طور پر استعمال کیا جاتا آرہا ہے ۔ البتہ ان دنوں صحت کے متعلق بڑھتی ہوئی آگاہی کے باعث کھانا پکانے میں زیتون کے تیل کا استعمال بڑھتا جا رہا ہے ۔ یہ تیل زیتون کو نچوڑ کر نکالا جاتا ہے ۔ اس میں کئی اقسام کے اینٹی آکساڈنٹ اور اینٹی انفلیمیٹری غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں ۔ یہ فیٹس کی بناوٹ کے لحاظ سے بھی منفرد ہے ۔ اس میں اومیگا 9فیٹ بڑی مقدار میں موجود ہوتا ہے۔ ساتھ ہی اومیگا 3، اومیگا6فیٹی ایسڈزاور وٹامن EاورKبھی اس میں پائے جاتے ہے ۔ زیتون کا تیل قدرتی طور پر کولیسٹرول اور گلوٹین سے پاک ہوتا ہے ۔ مارکیٹ میں زیتون کے تیل کی کئی اقسام دستیاب ہیں جن میں سے سب سے بہترین قسم ایکسٹرا ورجن آئل ہے ۔
زیتون تیل کے صحت کے لیے 6فوائد مندرجہ ذیل ہیں:
1۔ کولیسٹرول کم رکھتا ہے
زیتون کا تیل جسم میں لو ڈینسٹی لائیپو پروٹین (ایل ڈی ایل) جس سے خون کی نالیاں سکڑ سکتی ہیں ، کو کم رکھتا ہے۔ جسم میں ایل ڈی ایل کی زیادتی سے امراض قلب کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں ۔ ساتھ ہی زیتون کا تیل جسم میں ہائی ڈینسٹی لائپو پروٹین ایچ ڈی ایل کو بڑھاتا ہے ۔ جسم میں ایچ ڈی ایل کی زیادہ مقدار خون جمنے سے روکتی ہے جو کہ دل کے دورے کی ایک اہم وجہ ہے ۔
2۔ بلڈ پریشر کنٹرول میں رہتا ہے
دو ہزار میں ہونے والی تحقیق کے مطابق ہائی بلڈ پریشر کے مریض زیتون کے تیل کے مستقل استعمال سے بلڈ پریشر کنٹرول کرنے کے لیے لی جانے والی دواؤ ں کی مقدار کم کرسکتے ہیں ۔ زیتون کے تیل میں موجود اولک ایسڈ جسم میں جلدی جذب ہو جاتا ہے اس لیے یہ بلڈ پریشر کم کرنے کا سبب بنتا ہے ۔ اس کے استعمال سے دل بھی جوان رہتا ہے ۔ دل جوان رکھنے کے لیے آپ زیتون کے تیل کو کھانا پکانے کے علاوہ سلاد وغیرہ میں بھی استعمال کر سکتے ہیں ۔
3۔ ذیابیطس سے بچاتا ہے
ذیابیطس کے علاج کے لیے زیتون کا تیل مفید ہے ۔ اس سے خون میں شوگر کا لیول کنٹرول میں رہتا ہے اور انسولین کی حساسیت میں اضافہ ہوتا ہے ۔ دو ہزار گیارہ میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق متوازن غذا اور زیتون کے تیل کا استعمال ٹائپ ٹو ذیابیطس کے خطرات کو پچاس فی صد تک کم کردیتا ہے ۔ ذیابیطس کا خطرہ کم کرنے کے لیے اپنی خوراک میں روزآنہ دو بڑے چمچ زیتون کے تیل کے استعمال کریں ۔
4۔ جسم سے سوجن دور کرتا ہے
زیتون کے تیل سے جسم میں سوجن نہیں بنتی جس کے باعث اس سے ہونے والی بیماریوں سے انسان محفوظ رہتا ہے ۔ ان بیماریوں میں ذیابیطس، الزائمرز، گٹھیا، کینسر اور امراض قلب شامل ہیں ۔دوہزار پانچ میں ہونے والی تحقیق کے مطابق زیتون میں ایک ایسا اینٹی انفلیمیٹری ایجنٹ موجود ہوتا ہے جس سے جسم میں کے کسی حصے میں سوجن نہیں ہوتی ۔
5۔ ہڈیوں کو مضبوط رکھتا ہے
زیتون کے تیل کے استعمال سے ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں اور ان کی کثافت میں اضافہ ہوتا ہے ۔ اس سے خون میں کیلثیم کی مقدار متوازن رہتی ہے ۔ خون میں موجود کیلشیم ہڈیوں کے لیے معدنیات پیدا کرنے میں مدد کرتا ہے ۔ آسٹیوپوروسس سے بچاؤ کے لیے بھی زیتون کے تیل کا استعمال بے حد مفید ہے ۔
6۔کینسر سے محفوظ رکھتا ہے
چند اقسام کے کینسر سے بچاؤ کے لیے زیتون کااستعمال فائدے مند ہے ۔ زیتون کے تیل میں موجود پولی فینلزاینٹی آکسیڈنٹ اور اینٹی انفلیمیٹری خصوصیات رکھتے ہیں ۔ زیتون کے تیل میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ خون کے خلیات کو بھی کام کرنے میں مدد دیتے ہیں جس سے کینسر کے خطرات کافی حد تک کم ہوجاتے ہیں ۔
No comments:
Post a Comment