LifetimeEarn

Monday, 29 February 2016

مسوڑھوں کی سوجن دور کرنے کے بیس ٹوٹک


بچوں کے جب دانت نکلتے ہیں تو ایسے میں اکثر ان کے مسوڑھے سوج جاتے ہیں ۔بڑوں میں کسی تیز دوا مثلاًپارہ وغیرہ کے کسی مرکب کوبے احتیاطی سے استعمال کرنے ، خون کی خرابی ،دانت ہلنے یا مسوڑھو ں کی رگیں کمزور ہوجانے کے سبب مسوڑھوں پر سوجن آجاتی ہے۔یہ سوجن پہلے مسوڑھوں اور پھر پورے منہ میں دکھن کی وجہ بنتی ہے ۔اس مسئلہ کے حل کیلئے چند تجاویز درج ذیل ہیں جو آپکو اس تکلیف سے نجات دلانے میں معاون کردار ادا کرسکتی ہیں:

۱۔ اگر بچوں کو دانت نکلنے کی تکلیف سے ورم ہوگیا ہوتوشہد میں تھوڑاسا نمک ملائیں اور روزانہ مسوڑھوں پر ملیں تاکہ دانت جلدی نکل آئیں۔اسکے علاوہ سہاگہ شہد میں ملاکر مسوڑھوں پر ملنے سے سوجن دور ہوجاتی ہے۔
۲۔ اگر بڑوں میں کسی خرابی کے باعث مسوڑھوں پر ورم ہوتو اسکا علاج کروائیں۔ دانت اگر ہلنے لگے اور اس نے جڑ چھوڑ دی ہو تو دانت نکلوادیں۔
۳۔ کسی تیز دوا یا پارہ کے استعمال سے سوجن ہو تو ایسی دوا ترک کردیں۔
۴۔ اگر محض مسوڑھوں کی رگوں کے کمزور ہوجانے کی وجہ سے سوجن ہو تو ان کے لیے خاص قسم کے مرہم لگانے کا مشورہ دیا جاتا ہے ۔ اس کے علاہ پھٹکری چھ ماشہ باریک پیس کر ایک بوتل پانی میں ملا کر اس سے کلیاں کروائیں۔ یہ ورم دور کرنے میں بے حد مفید ہے۔
۵۔ گلِ بابونہ، اکلیل الملک،تخم کتان، تخم حلبہ،چھ چھ ماشہ ہم وزن لے کر پانی میں جوش دے لیں پھر اس سے کلیاں کریں ۔
۶۔ سہاگہ بریاں، مازوسبز، کباب چینی ان تینوں اجزاء کو دو ،دو ماشہ ہم وزن لے کرکوٹ کر چھان لیں اور اس منجن کو مسوڑھوں پر ملیں۔اسکے ساتھ ساتھ پوست درخت سرس، اور پوست درخت جھر بیری دو دو تولہ ہم وزن لے کر پانی میں جوش دے کر اس سے کلیاں کرائیں۔
۷۔ سفون پوست مغیلان یا سنون کلاں یا سنون ضمادی میں سے کوئی ایک حسبِ ضرورت مسوڑھوں پر ملنا مفید ہے۔
۸۔ مہندی کے پتے لے کر انکو پانی میں چائے کی مانند ابال کر چھان لیں ۔اس پانی سے دن میں تین سے چار مرتبہ کلیاں کرنے سے آرام آئے گا۔اگر اس پانی میں تھوڑی مقدار میں پھلوں کا سرکہ ملادیں تو اسکے فوائد میں خاطر خواہ اضافہ ہوجائے گا۔
۹۔ کلونجی کو توے پر جلاکر راکھ بنالیں ۔اس راکھ کو سرکہ میں حل کرکے منہ کے اندر لگالیں مسوڑھوں کی سوجن ، کیڑالگنے اور دانت کے درد میں بھی یہ نسخہ اکسیر ہے۔سرکہ آپکے مسوڑھوں پر لگے گا لیکن بعد میں فائدہ ہوجائے گا۔اگر آپ تکلیف سے بچناچاہیں تو ابتداء میں مہندی والے پانی میں سرکہ ملا کر ایک سے دو دن استعما ل کرلیں۔ اسکے بعد کلونجی والا فارمولا استعمال کریں۔
۱۰۔ مسوڑھو ں پر شہد سے ہلکی مالش کرنے سے آرام آجاتاہے۔
۱۱۔ مسوڑھوں کی سوجن ،وٹامن سی کی کمی کی وجہ بھی ہوسکتی ہے اسکے لئے سنگترے کے رس میں شہد ملاکر استعمال کریں ۔وٹامن سی مسوڑھوں کو مختلف امراض سے محفوظ رکھتاہے۔
۱۲۔ برگِ مہندی پچاس گرام،صعتر فارسی پندرہ گرام ، مرمکی دس گرام ان سب کو تین گلاس پانی میں دس منٹ ہلکی آنچ پر پکانے کے بعد چھان لیں اور اسے استعمال کریں ، صعتر فارسی ایک جراثیم کش دوائی ہے ۔مرمکی اور صعتر فارسی منہ کی بیماریوں میں تجویز کی جاتی ہے۔ان تمام چیزوں کا جراثیم کش ہونا ایک مسلمہ حقیقت ہے۔
۱۳۔ جامن کی چھال کا جوشاندہ بنا کر اس سے کلیاں کرنے سے افاقہ ہوتاہے۔
۱۴۔ زیتون کا پھل اور اسکے پتوں کارس نکال کر اس قدر پکائیں کہ وہ شیرے کی مانند گاڑھا آمیزہ بن جائے ۔اسی آمیزے میں تھوڑاسا پانی شامل کرکے کلیاں کرنے سے مسوڑھوں کی سوجن دور ہوجاتی ہے اور مسوڑھوں میں مضبوطی پیداہوتی ہے۔
۱۵۔ نیم کے پھولوں کو پانی میں جوش دے کر ان سے غرارے کریں ،مسوڑھے مضبوط ہوتے ہیں۔
۱۶۔ انار کے پھول سکھا کر باریک پیس لیں صبح شام منجن کی طرح لگائیں ۔
۱۷۔ جامن کی چھال کو خشک کرکے باریک پیس کر چھان لیں اور صبح شام بطور منجن مسوڑھوں پر مل کر پانی سے صاف کرلیں۔
۱۸۔ سبز پوست اخروٹ مسوڑھوں پر ملنے سے آرام آجاتاہے۔اس سے مسوڑھے مضبوط بھی ہوتے ہیں۔
۱۹۔ بعض دفعہ بادی کے مرض کے باعث مسوڑھے سوج جاتے ہیں۔داڑھ کے نیچے ادرک کا ٹکڑا رکھ کر چبالیں اور اسے گال کے اندر دبالیں اسطرح مسوڑھوں سے بادی پانی خارج ہوجاتاہے اورسوجن کم ہو جاتی ہے ۔
۲۰۔ کیکر کا کوئلہ ،لے کر باریک پیس کر رکھ لیں صبح و شام منھ دھونے سے پہلے انگلی سے آہستہ آہستہ ملیں اس سے مسوڑھوں کی سوجن دور ہوجائے گی۔

No comments:

Post a Comment

Health Tips Viewers